الیکٹرک وہیکلز کے فروغ کیلئے اقدامات تیز کیے جائیں، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں الیکٹرک وہیکلز کے فروغ کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام پاکستان کی معیشت اور ماحول دونوں کے لیے انتہائی اہم ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ملک بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ حکام نے پیش رفت سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ الیکٹرک موٹرسائیکل اور رکشہ بنانے کے لیے 72 مینوفیکچرنگ سرٹیفیکیٹ جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کے لیے 4 سرٹیفیکیٹ جاری کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد : 22 اپریل, 2026.
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ پر جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا.
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک میں الیکٹرک وہیکلز (EV) کے فروغ میں تیزی لانے کیلئے جاری اقدامات میں تیزی… pic.twitter.com/pWq9gAwd5V
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) April 22, 2026
مزید بتایا گیا کہ ملک میں ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے اب تک 123 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس شعبے میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔
حکومت کی جانب سے آئندہ پانچ سالوں میں 30 فیصد گاڑیوں کو بجلی پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جو پائیدار ٹرانسپورٹ کی جانب اہم قدم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ سے ایندھن کی درآمد میں کمی آئے گی اور یہ ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ساتھ توانائی کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کم آمدنی والے افراد کے لیے الیکٹرک موٹرسائیکلوں پر دی جانے والی سبسڈی کو شفاف بنایا جائے اور ای وی اسکیم پر عملدرآمد کو مزید تیز کیا جائے تاکہ عوام کو فوری فائدہ پہنچ سکے۔










